آصف عظیم اور فرید الدین قریشی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،پاکستان بیس بال فیڈریشن

ساؤتھ نیوزکھیل

ملتان: پاکستان فیڈریشن بیس بال نے ملک کے دو ممتاز اسپورٹس منتظمین، آصف عظیم اور فرید الدین قریشی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ فیڈریشن کی قیادت نے ایک مشترکہ تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ان دونوں شخصیات نے سافٹ بال اور بیس بال جیسے کھیلوں کی ترویج کے لیے جو خدمات انجام دیں، وہ پاکستان کی اسپورٹس ہسٹری کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں۔

تعزیتی بیان میں صدر شوکت جاوید، جنرل سیکرٹری سید فخر علی شاہ، نائب صدور جمیل کامران، حمود لکھوی، ظفر وڑائچ اور ملتان ڈویژن بیس بال کے صدر آصف رشید تونسوی نے کہا:

"آصف عظیم اور فرید الدین قریشی صرف کھیلوں کے منتظم نہیں تھے، بلکہ وہ ان کھیلوں کے حقیقی سفیر تھے۔ ان کا اخلاص، جذبہ اور قیادت نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔”

یاد رہے کہ آصف عظیم، جو پاکستان سافٹ بال فیڈریشن کے صدر اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے میڈیا کوآرڈینیٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، دو ہفتے قبل دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال منتقل کیے گئے تھے جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

جبکہ فرید الدین قریشی، جو پنجاب بیس بال فیڈریشن کے سابق جنرل سیکرٹری، پاکستان فیڈریشن بیس بال کے بانی رکن اور سلیکشن کمیٹی کے سابق ممبر رہے، بھی انتقال کر گئے۔ انہوں نے بیس بال کی تنظیم سازی، ٹیلنٹ کی شناخت اور گراؤنڈ لیول پر فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پاکستان فیڈریشن بیس بال نے مرحومین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔