وزیر اعلیٰ پنجاب سمر گیمز 2025: ٹرائلز کے لیے سلیکشن کمیٹیاں تشکیل، ڈی ایس او ملتان کنوینر مقرر
ملتان : وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب سمر گیمز 2025 کے سلسلے میں ضلعی سطح پر کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ملتان ڈسٹرکٹ میں مختلف کھیلوں کے ٹرائلز 25 مئی سے شروع ہوں گے، جن میں مقررہ کمیٹیاں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لے کر باصلاحیت نوجوانوں کا انتخاب کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق کبڈی بوائز کی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی ڈی ایس او ملتان عدنان نعیم کریں گے، جب کہ تحصیل اسپورٹس آفیسر سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ کمیٹی میں ملتان ڈسٹرکٹ کبڈی ایسوسی ایشن کے نمائندہ اور بشیر احمد (سپورٹس ویڑن) بھی شامل ہوں گے۔
اسی طرز پر والی بال کی سلیکشن کمیٹی بھی عدنان نعیم کی زیر صدارت تشکیل دی گئی ہے، جس میں تحصیل اسپورٹس آفیسر سیکرٹری، خضر حیات (نمائندہ ڈسٹرکٹ والی بال ایسوسی ایشن)، اور خلیق الرحمن (سپورٹس ویڑن) کو شامل کیا گیا ہے۔
ہاکی کے لیے بنائی گئی سلیکشن کمیٹی کی قیادت بھی ڈی ایس او ملتان عدنان نعیم کریں گے، جب کہ سیکرٹری کے فرائض تحصیل اسپورٹس آفیسر انجام دیں گے۔ دیگر اراکین میں کامران شریف چوہدری (نمائندہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن) اور عبدالسعید (سپورٹس ویڑن) شامل ہوں گے۔
بیڈمنٹن کی سلیکشن کمیٹی بھی عدنان نعیم کی سربراہی میں کام کرے گی، جس میں محمد اقبال (سیکرٹری)، ملتان بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے نمائندہ، اور افراہیم عثمان (سپورٹس ویڑن) شامل ہیں۔
یہ سلیکشن کمیٹیاں وزیر اعلیٰ پنجاب سمر گیمز 2025 کے ٹرائلز کے دوران اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کا انتخاب یقینی بنائیں گی تاکہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
