شطرنج کی دنیا میں نئی تاریخ رقم: میگنس کارلسن کا بیک وقت ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑیوں سے مقابلہ، نتیجہ برابر

دلچسپ و عجیبکھیل

شطرنج کے عالمی شہرت یافتہ نارویجن کھلاڑی میگنس کارلسن نے حال ہی میں ایک منفرد آن لائن مقابلے میں بیک وقت دنیا بھر سے ایک لاکھ 43 ہزار شطرنج کے شوقین کھلاڑیوں سے مقابلہ کیا — اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ میچ بغیر کسی فاتح کے، برابر پر ختم ہوا۔

یہ غیر معمولی مقابلہ مشہور ویب سائٹ "چیس ڈاٹ کام” نے "میگنس کارلسن بمقابلہ دنیا” کے عنوان سے منعقد کیا۔ 34 سالہ سابق عالمی چیمپئن، جو 2013 سے 2023 تک شطرنج کی دنیا پر راج کرتے رہے، نے یہ میچ 4 اپریل کو شروع کیا۔ مقابلہ چھ ہفتے سے زائد جاری رہا اور بالآخر پیر کے روز اس کا نتیجہ برابری کی صورت میں نکلا۔

میچ کے بعد اپنے تاثرات میں کارلسن نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں انہیں اپنی جیت کا یقین تھا، لیکن جیسے جیسے کھیل آگے بڑھا، دنیا بھر سے شریک کھلاڑیوں نے انہیں سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا، "میری کئی چالیں ناکام ہوئیں، سبھی کھلاڑیوں نے حیران کن حد تک بہترین حکمت عملی اپنائی۔”

قابلِ ذکر ہے کہ کارلسن اس نوعیت کا مقابلہ کرنے والے پہلے شطرنج کے ماہر نہیں۔ 1999 میں روسی لیجنڈ گیری کاسپاروف نے بھی 50 ہزار سے زائد کھلاڑیوں کے خلاف اسی طرز کا میچ کھیلا تھا، جبکہ 2023 میں بھارتی شطرنج کے ستارے وشواناتھن آنند نے تقریباً 70 ہزار کھلاڑیوں سے بیک وقت مقابلہ کیا۔

تاہم، ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑیوں کے ساتھ بیک وقت مقابلہ کرنا، نہ صرف ایک تکنیکی کارنامہ ہے بلکہ شطرنج کی تاریخ میں ایک نیا باب بھی ہے، جو کارلسن کی ذہانت اور عالمی مقبولیت کا مظہر ہے۔