ریکارڈ بریکر ڈیوڈ رش کی نئی کامیابی: 1.3 گیلن پانی ہاتھوں سے 30 سیکنڈ میں منتقل کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ

دلچسپ و عجیب

امریکی ریکارڈ ساز شخصیت ڈیوڈ رش، جو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں متعدد انوکھے کارنامے سرانجام دے چکے ہیں، نے ایک اور ناقابلِ یقین کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے اپنا ہی پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے محض اپنے ہاتھوں کی مدد سے 1.3 گیلن (یعنی 172.5 اونس) پانی صرف 30 سیکنڈ میں ایک کنٹینر سے دوسرے میں منتقل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

رش کے مطابق اس کارنامے کے پیچھے پانچ سال کی مسلسل مشق اور ناکامیوں سے سیکھا گیا سبق چھپا ہے۔ انہوں نے پہلی بار 2024 میں 112.4 اونس پانی منتقل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا، تاہم اس وقت بھی کئی ناکام کوششیں ان کے راستے میں آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی متعدد ابتدائی کوششیں گنیز ورلڈ ریکارڈز کے قوانین کی خلاف ورزی کے باعث مسترد کی گئیں۔ ان میں سب سے بڑی خامیاں یہ تھیں کہ پانی کا برتن مخصوص حدود سے باہر گیا یا غیر منظور شدہ کنٹینر استعمال کیا گیا۔

اب، اپنی سابقہ غلطیوں سے سیکھ کر اور قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے رش نے نہ صرف کامیابی حاصل کی بلکہ اپنے ہی سابقہ ریکارڈ کو پچھاڑ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا:
"یہ تجربہ اس بات کا ثبوت ہے کہ استقامت اور مسلسل کوششیں بالآخر کامیابی کی ضمانت بنتی ہیں۔”

رش کی یہ نئی کامیابی اُن کے ریکارڈز کے طویل سلسلے میں ایک اور یادگار اضافہ ہے، اور یہ ثابت کرتی ہے کہ غیر روایتی اہداف کے لیے بھی سنجیدہ محنت درکار ہوتی ہے۔