رونالڈو کے ٹیم چھوڑنے پر پرتگال فٹبال ٹیم کے 20 لاکھ انسٹاگرام فالوورز کم ہوگئے
کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کے تربیتی کیمپ سے علیحدگی کے بعد پرتگال فٹبال ٹیم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بڑا دھچکا لگا، جہاں مبینہ طور پر چند گھنٹوں کے دوران 20 لاکھ فالوورز کم ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو اور پرتگال کے ہیڈ کوچ جورج جیسس کے درمیان مبینہ اختلافات کے بعد رونالڈو نے رات گئے قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے رات تقریباً 2 بجے ٹیم کو خیرباد کہا، جبکہ صبح 10 بجے ان کا مشہور جرسی نمبر 7 دوسرے کھلاڑی کو دے دیا گیا۔
رونالڈو کے نمبر 7 کو کسی اور کھلاڑی کو دینے کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ بڑی تعداد میں مداحوں نے پرتگال کی قومی ٹیم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ان فالو کرنا شروع کردیا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پرتگال ٹیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر موجود تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ فالوورز میں سے 20 لاکھ نے مبینہ طور پر رونالڈو کے ٹیم چھوڑنے کے بعد اکاؤنٹ کو ان فالو کردیا، جس کے بعد فالوورز کی تعداد تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ رہ گئی۔
جرسی نمبر 7 لینے والے کھلاڑی کا ردعمل
رونالڈو کی جرسی نمبر 7 حاصل کرنے والے کھلاڑی نے بھی مبینہ طور پر اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ یہ نمبر نہیں لینا چاہتا تھا اور اس نے کوچنگ اسٹاف سے کہا تھا کہ رونالڈو کے جانے کے فوراً بعد ان کا نمبر لینا مناسب نہیں ہوگا۔
کھلاڑی کے مطابق اس نے کوچز سے کہا کہ رونالڈو کا احترام کیا جانا چاہیے، تاہم کوچنگ اسٹاف کی جانب سے دباؤ کے بعد اسے جرسی نمبر 7 قبول کرنا پڑا۔
کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی قومی ٹیم کے سب سے نمایاں اور مقبول کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، اس لیے ان کی ٹیم سے علیحدگی اور جرسی نمبر 7 کی تبدیلی نے مداحوں کی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
