مشن امپاسیبل 8، ریلیز سے پہلے ہی 12 ملین ڈالرز کا بزنس

انٹرٹینمنٹفلم اور سنیما

ہالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ ایکشن ہیرو ٹام کروز ایک بار پھر باکس آفس پر چھا گئے ہیں۔ ان کی نئی فلم مشن امپاسیبل 8: دی فائنل ریکننگ نے ریلیز سے پہلے ہی دھوم مچا دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق فلم نے امریکا میں ریلیز سے قبل ہی 12 ملین ڈالرز کی ایڈوانس بکنگ کے ساتھ شاندار آغاز کر لیا ہے۔

یہ فلم ابتدائی طور پر 17 مئی کو جاپان، جنوبی کوریا، بھارت، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ریلیز کی گئی، جہاں اس نے زبردست کارکردگی دکھائی۔
جنوبی کوریا میں صرف ویک اینڈ پر ساڑھے سات لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت ہوئیں، جو کہ رواں سال کسی بھی فلم کے لیے سب سے زیادہ ہیں، اور فلم نے وہاں 5 ملین ڈالرز کا بزنس کیا۔

بھارت میں فلم نے 4 ملین، جاپان میں 2 ملین جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مجموعی طور پر 1 ملین ڈالرز کا بزنس کیا۔ اس طرح اب تک فلم کا ابتدائی عالمی بزنس 12 ملین ڈالرز تک جا پہنچا ہے۔

فلم کو 23 مئی کو امریکا سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا جبکہ چین میں 30 مئی کو نمائش متوقع ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فلم کے پاس عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز سے زائد کمانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔

شائقین میں فلم کو لے کر زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے، اور شمالی امریکا میں ابتدائی ویک اینڈ پر 100 ملین ڈالرز کی آمدنی کی توقع کی جا رہی ہے۔ ایکشن، سنسنی اور ٹام کروز کے خطرناک اسٹنٹس سے بھرپور یہ فلم ایک بار پھر "مشن امپاسیبل” سیریز کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے تیار ہے۔