غزہ میں اسرائیلی فوج کی تازہ ظالمانہ کارروائی میں 40 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے
غزہ میں ہسپتال ذرائع کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے گذشتہ رات جنوبی غزہ پر شدید بمباری کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 40 سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
بی بی سی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں کا مرکز غزہ کی پٹی کا جنوبی علاقہ خان یونس رہا، جہاں سے ہسپتالوں میں کم از کم 36 شہداء کی میتیں منتقل کی گئی ہیں۔ ہلاکتوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
طبی امداد فراہم کرنے والے عملے نے بتایا کہ رواں ہفتے کے دوران اسرائیل کی جانب سے غزہ کے دو ہسپتالوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے نہ صرف شہری آبادی بلکہ طبّی عملہ بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے ‘یورپین ہسپتال’ پر چھ بم گرائے، جس کے نتیجے میں 28 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ اس حملے نے بین الاقوامی برادری میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
رات گئے ہونے والے فضائی حملوں کے بعد میڈیا کو موصول ہونے والی تصاویر میں تباہ شدہ عمارتیں، ملبے میں دبی اشیاء تلاش کرتے شہری، اور زخمیوں کو امداد دیتے افراد کے مناظر نمایاں ہیں۔ خاص طور پر خان یونس کے متعدد رہائشی علاقوں میں شدید تباہی دیکھی گئی ہے۔
غزہ میں جاری صورتحال دن بہ دن سنگین ہوتی جا رہی ہے، جبکہ طبی سہولیات کی شدید قلت اور انفراسٹرکچر کی تباہی نے انسانی بحران کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
عالمی تنظیموں اور انسانی حقوق کی انجمنوں نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور طبی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
