ملتان کے شہریوں کو اچھی سفری سہولیات دینے کے لئے جدید بس اسٹاپس کی تعمیر کا آغاز

ساؤتھ نیوز

ملتان : حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) نے شہریوں کو باوقار، آرام دہ اور بروقت سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شہر بھر میں جدید بس اسٹاپس کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں نشتر روڈ اور ڈیرہ اڈا چوک پر تعمیراتی کام جاری ہے، جبکہ مجموعی طور پر 11 مقامات پر ویڈا طرز کے بس اسٹاپس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل رانا سلیم احمد نے زیرِ تعمیر منصوبوں کا دورہ کیا اور بس اسٹاپس کی تعمیر میں استعمال ہونے والے مٹیریل، ڈیزائن اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ ملتان کے شہریوں کو جدید، پائیدار اور باوقار سفری سہولیات میسر آئیں۔ ویڈا بس اسٹاپس اس وژن کی عملی تعبیر ہیں۔”

ملتان کے شہریوں کو اچھی سفری سہولیات دینے کے لئے جدید بس اسٹاپس کی تعمیر کا آغاز

یہ بھی پڑھیں: یونیورسٹی آف سدرن پنجاب ملتان اور پاکستان سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ورکشاپ کا انعقاد

انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈی اے کا یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کی روزمرہ زندگی کو آسان بنانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ شہر کے ٹریفک نظام کو بھی منظم اور بہتر بنائے گا۔

بس اسٹاپس کی تعمیر میں سہولت، پائیداری اور جدید ڈیزائن کو مقدم رکھا جا رہا ہے تاکہ عوام کو طویل المدتی فوائد حاصل ہوں۔ شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ منصوبہ ملتان میں پبلک ٹرانسپورٹ کے معیار کو ایک نئی جہت دے گا۔