یونیورسٹی آف سدرن پنجاب ملتان اور پاکستان سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ورکشاپ کا انعقاد

ٹاپ نیوز ویڈیوزساؤتھ نیوزویڈیوز

ملتان: یونیورسٹی آف سدرن پنجاب کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام اور پاکستان سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ایک روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع "لیڈر شپ اسٹائل، ایموشنل انٹیلیجنس اور کانفلکٹ ریزولوشن” تھا۔

ورکشاپ میں ماہرینِ نفسیات، پروفیشنلز اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء کو قیادت کی اہم خصوصیات، جذباتی ذہانت کی افادیت اور تنازعات کے پرامن حل کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کی صدر پروفیسر ڈاکٹر رافیہ رفیع، ڈاکٹر سروت اور ڈاکٹر امریض نے خصوصی لیکچرز دیے اور شرکاء کو بصیرت افروز معلومات سے نوازا۔

ورکشاپ کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی بہتری اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے قیادت کی صلاحیتوں کا ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفسیات کے شعبے سے وابستہ افراد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی پھیلائیں اور معاشرے کی فلاح میں مؤثر کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان:آئی ایس پی میں اردو زبان کی ترقی کے لیے دوسری بین الاقوامی ریسرچ کانفرنس کا انعقاد

شرکاء نے ورکشاپ کو معلوماتی، بامقصد اور حوصلہ افزا قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایسی سرگرمیوں سے نہ صرف طلبا کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے بلکہ پیشہ ور افراد کو بھی اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا موقع فراہم ہوتا ہے۔

ورکشاپ کا اختتام اظہارِ تشکر اور اس عزم کے ساتھ کیا گیا کہ ایسے تربیتی پروگرامز کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ تعلیمی و سماجی میدان میں قیادت کے بہترین نمونے سامنے آسکیں۔