امریکی وفد نے عمران خان کا کوئی ذکر نہیں کیا،ایاز صادق کا انکشاف

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی کانگریس ارکان نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امریکی وفد سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے بیرسٹر گوہر اور چیف وہپ عامر ڈوگر کو عشائیے پر مدعو کیا تھا، تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں عاطف خان اور ڈاکٹر امجد کو نہیں بلایا گیا، اور اس کی مکمل دستاویزاتی شہادت موجود ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہترین موقع تھا کہ پی ٹی آئی نمائندے ان امریکی مہمانوں سے براہ راست مکالمہ کرتے، جن سے اکثر حمایت مانگتے ہیں، لیکن افسوس کہ ایسا نہ ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیں : صدر عارف علوی سے وفاقی وزراء ایاز صادق اور نذیر تارڑ کی ملاقات

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ امریکی وفد کے تینوں ارکانِ کانگریس نے واضح طور پر کہا کہ وہ پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کرتے۔

ایاز صادق نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ ترکیہ نے غزہ کی سنگین صورتحال پر ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس طلب کی ہے، جس میں محدود تعداد میں پارلیمانی اسپیکرز کو مدعو کیا گیا ہے۔ "میں اس کانفرنس میں شرکت کروں گا اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا دوٹوک مؤقف عالمی برادری کے سامنے رکھوں گا،” انہوں نے کہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح ہم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہیں، ویسے ہی فلسطینی عوام، خصوصاً خواتین اور بچوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف بھی اپنا کردار نبھانا ضروری ہے، مگر افسوس کہ مسلم دنیا وہ فعال کردار ادا نہیں کر سکی جس کی توقع تھی۔