چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی ٹیم، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومتوں کا شکریہ،محسن نقوی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین، محسن نقوی، نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی ٹیم، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر پی سی بی کی ٹیم، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے والی ٹیموں اور آئی سی سی آفیشلز کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب کی لگن اور مشترکہ کوششوں سے اہم ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں مدعو کیوں نہیں کیا ؟ پی سی بی کا آئی سی سی سے “جواب طلب” کرنیکا فیصلہ
انہوں نے مزید کہا کہ سب کی کوششوں نے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کو ایک بڑی کامیابی میں بدلا اور پاکستان اس عالمی ایونٹ کی میزبانی پر فخر محسوس کرتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سب لوگوں کی حصہ داری اور کوششوں سے یہ ایونٹ کرکٹ کے شائقین کے لیے تاریخی بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کی اور ایونٹ کے زیادہ تر میچز پاکستان میں کھیلے گئے، جبکہ بھارت نے اپنے میچز دبئی میں کھیلے تھے۔
