بھارتی ٹیم کی جرسی پر ‘پاکستان’ نہ لکھنے کی ضد، آئی سی سی کا سخت ردعمل

اہم خبریںپاکستانتازہ ترینکھیل

دبئی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے اپنی ٹیم کی جرسی پر میزبان ملک ‘پاکستان’ کا نام نہ لکھنے کی ضد پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے واضح موقف اپناتے ہوئے بھارتی ٹیم کو قوانین کی پاسداری کا پابند قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بی سی سی آئی نے اپنی ٹیم کی کٹ پر پاکستان لکھنے سے اجتناب کا عندیہ دیا تھا، لیکن آئی سی سی نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کے لوگو سمیت میزبان ملک کا نام اپنی جرسیوں میں شامل کرنے کی پابند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی سے قبل آئی سی سی وفد کا قذافی اسٹیڈیم کا جائزہ

آئی سی سی کے ایک آفیشل نے کہا:

"ٹورنامنٹ کے اصول واضح ہیں کہ میزبان ملک کا نام اور لوگو ٹیم کی کٹ پر شامل کرنا ہر ٹیم کی ذمہ داری ہے۔ اگر کوئی ٹیم اس اصول کی خلاف ورزی کرتی ہے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔”

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بی سی سی آئی اپنی ٹیم کی کٹ پر پاکستان لکھنے کا ارادہ نہیں رکھتا، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس حوالے سے کسی بھی سرکاری اطلاع کی تردید کی ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت ہر ٹیم پر یہ لازم ہے کہ وہ میزبان ملک کا نام اپنی جرسی پر نمایاں کرے، چاہے میچز کسی بھی مقام پر کھیلے جا رہے ہوں۔

اگر بھارتی ٹیم میزبان ملک کے قوانین پر عمل کرنے سے انکار کرتی ہے تو آئی سی سی سخت اقدامات اٹھانے پر غور کر سکتی ہے، جس میں جرمانے یا دیگر پابندیاں شامل ہو سکتی ہیں۔