چیمپئنز ٹرافی سے قبل آئی سی سی وفد کا قذافی اسٹیڈیم کا جائزہ
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اعلیٰ سطحی وفد نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا ایک بار پھر دورہ کیا تاکہ جاری تعمیراتی کاموں اور انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
پیر کے روز ہونے والے اس دورے میں آئی سی سی کے اہم عہدیدار شامل تھے، جن میں ہیڈ آف ایونٹس سارہ ایڈگر، جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان، اور براڈ کاسٹ و ایونٹس ڈپارٹمنٹ کے دیگر نمائندے شامل تھے۔ وفد نے اسٹیڈیم کی مین بلڈنگ کے دفاتر اور پویلینز کی فنشنگ کے کام کا بغور جائزہ لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انفراسٹرکچر، جواد قاضی نے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں یقین دلایا کہ اسٹیڈیم کی فنشنگ کا کام 30 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : چیمپئنز ٹرافی 2025: پاکستان میں ٹکٹوں کی قیمتوں کیا ہوگی ؟
چیمپئنز ٹرافی 19 فروری 2025 سے پاکستان میں منعقد ہو رہی ہے، جس کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ تاہم، بھارت اپنی تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گا، جو اس ایونٹ کا منفرد پہلو ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور، جو پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا اہم حصہ ہے، اس وقت ایونٹ کے لیے تیار ہو رہا ہے۔ آئی سی سی کے وفد نے تعمیراتی اور انتظامی کاموں کی تعریف کی اور مقررہ وقت پر مکمل ہونے کی امید ظاہر کی۔
یہ دورہ نہ صرف پاکستان کی میزبانی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے بلکہ عالمی سطح پر کرکٹ کے لیے ایک مثبت پیغام بھی دیتا ہے۔
