پاکستانی طلبہ کی چین میں جدید زرعی تربیت کا خرچ حکومت برداشت کرے گی: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ زراعت کے شعبے میں جدید تربیت کے لیے چین جانے والے پاکستانی طلبا و طالبات کا تمام خرچ حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ بہت جلد طلبہ کا پہلا بیچ زراعت کی جدید تربیت کے لیے چین روانہ ہوگا۔ وزیراعظم نے اجلاس میں زور دیا کہ طلبہ کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے، تاکہ بہترین طلبہ اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح، پہلی پرواز لینڈ کرگئی
بلوچستان کے طلبہ کے لیے خصوصی کوٹہ
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ چین جانے والے طلبہ میں 10 فیصد کوٹہ بلوچستان کے طلبہ کے لیے مختص کیا گیا ہے، تاکہ پسماندہ علاقوں کے طلبہ بھی اس سنہری موقع سے استفادہ کر سکیں۔
چین کا شکریہ
وزیراعظم نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی طلبا کو جدید زرعی تربیت کے لیے مواقع فراہم کر رہا ہے، جو پاکستان کی زراعت میں انقلاب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں زراعت کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
