آسٹریلیا سے شکست پر بھارتی کوچ گوتم گمبھیر کا کھلاڑیوں پر سخت ردعمل، الٹی میٹم جاری

کھیل

میلبرن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 184 رنز کی شرمناک شکست کے بعد بھارتی ڈریسنگ روم میں شدید کشیدگی دیکھنے کو ملی، جہاں ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر شدید برہم نظر آئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شکست نے نہ صرف بھارتی ٹیم کی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کو مشکل بنا دیا بلکہ ٹیم کے اندرونی ماحول کو بھی خراب کر دیا۔ کوچنگ اسٹاف، کھلاڑی اور سلیکٹرز ایک صفحے پر نہیں ہیں، جس کے باعث ڈریسنگ روم میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔

گوتم گمبھیر نے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "اب بہت ہو گیا، نیچرل گیم کے نام پر کھلاڑی اپنی مرضی سے کھیل رہے ہیں اور پلان پر عمل نہیں کر رہے۔” انہوں نے کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "میلبرن ٹیسٹ میں 20.4 اوورز میں 7 وکٹیں گنوانا ناقابل قبول ہے۔”

گمبھیر نے کھلاڑیوں کو الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ جو حکمت عملی کے مطابق نہیں کھیلے گا، اسے ٹیم سے نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیٹنگ لائن مسلسل ناکام ہو رہی ہے، چاہے وہ بنگلا دیش کے خلاف ہو، نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز ہو یا آسٹریلیا میں موجودہ ٹیسٹ سیریز۔

یہ سخت بیانات بھارتی ٹیم کے لیے ایک واضح پیغام ہیں کہ اب کارکردگی میں بہتری کے بغیر ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔