ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس خلا سے موبائل کالز فراہم کرنے کے لیے تیار
ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے اپنی سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سروس، اسٹار لنک کے ذریعے خلا سے براہ راست موبائل فون سروس فراہم کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
اس نئی سروس کو "ڈائریکٹ ٹو سیل” کا نام دیا گیا ہے، جو اسمارٹ فونز کو کسی بھی اضافی تبدیلی کے بغیر خلا سے موبائل نیٹ ورک سے منسلک کرے گی۔ صارفین زمین کے ان حصوں سے بھی کالز اور پیغامات بھیج سکیں گے جہاں موبائل نیٹ ورک دستیاب نہیں۔ صحرا، سمندر، یا گھنے جنگلات میں بھی کنیکٹیویٹی ممکن ہوگی۔
یہ سروس ایل ٹی ای سپورٹ والے تمام اسمارٹ فونز پر کام کرے گی، حتیٰ کہ کچھ پرانے ماڈلز جیسے آئی فون 14 میں بھی سیٹلائیٹ کنیکٹیویٹی ممکن ہوگی۔ اسپیس ایکس نے ایپل اور گوگل جیسے اسمارٹ فونز کے ساتھ کامیاب تجربات کیے ہیں، اور سیٹلائیٹس میں نصب موڈیم موبائل ٹاورز جیسا کام کرتے ہوئے براہ راست خلا سے سگنلز بھیجیں گے۔
یہ سروس ایمرجنسی حالات میں پیغامات خود ٹائپ کرکے بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گی، جو موجودہ سیٹلائیٹ کنیکٹیویٹی سے کہیں زیادہ مؤثر ہوگی۔ یہ ٹیکنالوجی حادثات یا قدرتی آفات کے دوران جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اسپیس ایکس نے امریکا، جاپان، یوکرین، اور نیوزی لینڈ سمیت آٹھ ممالک کے ساتھ ابتدائی معاہدے کیے ہیں۔ یوکرین میں یہ سروس 2025 کی آخری سہ ماہی میں فعال ہونے کی توقع ہے، جبکہ امریکا میں یہ سروس 2025 کے آغاز میں آزمائش کے مرحلے میں داخل ہوگی۔
ابتدائی طور پر اس سروس میں میسجنگ کی سہولت دستیاب ہوگی، جس کے بعد وائس اور ڈیٹا سروسز کو شامل کیا جائے گا۔
اس نئی سروس کی قیمتوں کے حوالے سے ابھی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، لیکن یہ ایک تجارتی پیکج کے طور پر پیش کی جائے گی۔
یہ ٹیکنالوجی موبائل کنیکٹیویٹی کے مستقبل کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور ان علاقوں میں بھی رابطے ممکن بنائے گی جہاں موبائل نیٹ ورک کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
