آئی ایم ایف نے بجلی ٹیرف میں کمی کیلئے حکومت کو نئی تجاویز دیدیں
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت کو بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے نئی تجاویز دے دیں۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے صنعتی ٹیرف کو کم کرنے کے لیے کپیسٹی چارجز کم کرنے کا مشورہ دیا ہے اور تجویز دی ہے کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پہلے نئے پاور پلانٹس شروع کیے جائیں اور ان پلانٹس سے مکمل پیداواری صلاحیت حاصل کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطابق ایسا کرنے سے بجلی کے نرخوں میں کیپسٹی چارجز میں 18 روپے کی کمی کی جاسکتی ہے جب کہ نئے پاور پلانٹس سے پوری بجلی نہ خریدنے سے صارفین کو سالانہ 2 ہزار ارب روپے کا نقصان ہوگا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ پبلک سیکٹر کے 5 ہزار میگاواٹ کے گیس پاور پلانٹس کو مقامی گیس سے چلایا جائے جس سے ایل این جی کے مقابلے میں 10 سے 14 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ تمام صنعتی زونز کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو صنعتوں کو اضافی بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
