پاکستان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے، آرمی چیف
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ بشام حملے کے وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ آرمی چیف کہتے ہیں کہ ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا ۔
داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی شہریوں پر بشام میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، چیف آف آرمی سٹاف، وزرائے اعلیٰ، متعلقہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور پولیس کے انسپکٹر جنرلز نے شرکت کی
وزیر اعظم نے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ اس وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم اور سرحدوں کے پار دہشت گردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا
اجلاس کے دوران آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
دہشت گردی کے واقعات میں حالیہ اضافے پر بات کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلہ کو کم سمجھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا
