عمرے کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ، ملتان سے 2 مسافر گرفتار
ایف آئی اے امیگریشن نے عمرہ ویزے کی آڑ میں جنسی استحصال اور انسانی سمگلنگ ناکام بناتے ہوئے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق عمرہ ویزے پر سعودی عرب پہنچنے والے 2 مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک حرکات پر روک کر پوچھ گچھ کی گئی، جس کے دوران مسافروں سے کمرشل جنسی استحصال اور انسانی سمگلنگ سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے۔
ترجمان نے کہا کہ مسافروں کے موبائل فونز، چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی جانچ کے دوران تجارتی جنسی استحصال سے متعلق مبینہ شواہد سامنے آئے جب کہ تحقیقات کے دوران جنسی استحصال کے منظم نیٹ ورک سے متعلق اہم تفصیلات حاصل کی گئیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایجنٹ نے عمرہ ویزوں کی آڑ میں مسافروں کو سعودی عرب بھیجنے کا انتظام کیا۔ مبینہ منصوبہ سعودی عرب میں مسافروں کو تجارتی جنسی استحصال کا نشانہ بنانا تھا۔ مسافروں کے زیر استعمال موبائل فون اور دیگر متعلقہ سامان کو مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا جب کہ دونوں مسافروں کو موبائل فون اور دیگر شواہد سمیت ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تجارتی جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دیگر عناصر کی نشاندہی کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ منظم نیٹ ورک میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
