پاکستان نے ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ کا ٹیم ٹائٹل ساتویں بار جیت لیا
پاکستانی کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر شاندار کارکردگی، احمد سلمان، احد صولت فاطمی اور تیمور وسیم نے انفرادی ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیے
اسلام آباد : پاکستان نے 21ویں ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی ٹیم ٹائٹل ساتویں مرتبہ اپنے نام کرلیا۔
چیمپئن شپ کے ٹیم مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ مجموعی طور پر بھی پاکستان نے دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹرافیاں جیت کر عالمی سطح پر اپنی برتری برقرار رکھی۔
انفرادی مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ احمد سلمان نے انڈر 16 کیٹیگری کا عالمی ٹائٹل جیت لیا، جبکہ احد صولت فاطمی نے انڈر 14 کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان کے کم عمر کھلاڑی تیمور وسیم نے بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انڈر 10 کیٹیگری کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ تیمور وسیم گزشتہ برس بھی عالمی سطح پر کامیاب رہے تھے، جب انہوں نے انڈر 8 کیٹیگری میں ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا۔
مصطفیٰ فرحان انڈر 12 کیٹیگری میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ مجموعی انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے 3 کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
انفرادی مقابلے میں آسٹریلیا کے ڈائنتھ فرنینڈو نے عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔
21ویں ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ میں 11 ممالک کے 183 کھلاڑیوں نے شرکت کی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی نے ایک بار پھر ملک کو عالمی یوتھ سکریبل کے نمایاں ممالک میں شامل کردیا۔
