جنوبی پنجاب میں میپکو کا بڑا کریک ڈاؤن، بجلی چور گرفتار، غیر قانونی منی گرڈ پکڑا گیا، لاکھوں روپے کی ریکوری

تازہ ترینساؤتھ نیوزملتان

ملتان: ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے جنوبی پنجاب بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں متعدد کارروائیاں کی ہیں، جن کے دوران بجلی چوری کے کئی طریقے بے نقاب ہوئے اور متعدد افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

میپکو کے مطابق ملتان سرکل میں کارروائیوں کے دوران 15 بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ فور سیزن گیسٹ ہاؤس میں میٹر ٹیمپرنگ اور ٹیرف کے غلط استعمال کے ذریعے بجلی چوری کی نشاندہی کی گئی، جبکہ دیگر علاقوں میں کنڈی، میٹر ریورسنگ، شنٹ سسٹم اور میٹر ریڈنگ میں ردوبدل کے ذریعے بجلی چوری کے واقعات سامنے آئے۔

نواب پور روڈ پر ایک صارف کو اپنے کنکشن سے مزید دو گھروں اور ایک ہوٹل کو غیر قانونی طور پر بجلی فراہم کرتے ہوئے پکڑا گیا، جبکہ قدیر آباد میں ایک نادہندہ صارف کنڈی کے ذریعے 5 ایئر کنڈیشنرز چلاتا ہوا پایا گیا۔

میپکو نے تمام بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرانے کے لیے متعلقہ تھانوں کو درخواستیں ارسال کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی چوری کی بروقت نشاندہی نہ کرنے پر متعلقہ میٹر ریڈرز کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

دوسری جانب ساہیوال میں میپکو ٹیم نے ایک غیر قانونی منی گرڈ پکڑ لیا، جہاں ایک شخص مین لائن سے بجلی حاصل کرکے 9 دکانوں کو سب میٹرز کے ذریعے بجلی فراہم کر رہا تھا۔ کارروائی کے دوران پی وی سی کیبلز اور 6 سب میٹرز قبضے میں لے لیے گئے۔

اسی طرح عارف والا میں رینجرز اور پولیس کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کے دوران 14 غیر قانونی میٹرز اور پی وی سی کیبلز اتار دی گئیں، جبکہ بجلی چوری میں استعمال ہونے والے 8 سولر انورٹرز بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

میپکو کے مطابق نادہندگان سے اب تک 2 لاکھ روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے، جبکہ مزید 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کی وصولی کے لیے قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ بجلی کے نقصانات میں کمی لائی جا سکے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔