معروف گلوکار راحت فتح علی خان زخمی ہوگئے
اسلام آباد: معروف گلوکار راحت فتح علی خان ایک تقریب کے دوران معمولی زخمی ہو گئے، جب ہجوم میں موجود ایک نوجوان کا بازو غیر ارادی طور پر ان کے سر سے ٹکرا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بازو لگنے کے بعد راحت فتح علی خان فوری طور پر اپنا سر پکڑ لیتے ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں وہاں سے روانہ ہو جاتے ہیں۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود افراد نے گلوکار کو گھیرے میں لے کر محفوظ طریقے سے باہر نکالا، جبکہ ویڈیو میں کسی بڑے ہنگامے یا شدید زخمی ہونے کے آثار نظر نہیں آتے۔
تاحال راحت فتح علی خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق چوٹ معمولی نوعیت کی ہے۔
