پنجاب میں دریاؤں کی صورتحال معمول پر، 5 اگست تک مون سون بارشوں کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ برقرار

پاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوزملتانویڈیوز

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبے میں اس وقت گزشتہ سال جیسے بڑے سیلاب کا فوری خطرہ موجود نہیں، کیونکہ بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر آ چکا ہے۔ تاہم مون سون بارشوں کا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کے امکان کے باعث متعدد شہروں میں شہری سیلاب کا خدشہ برقرار ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب کے تمام بیراج، دریائے راوی کے تمام ہیڈورکس، جبکہ دریائے جہلم اور دریائے ستلج میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ البتہ دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تربیلہ، چشمہ، تونسہ اور ڈیرہ غازی خان کی روڈ کوہیوں میں بھی صورتحال قابو میں ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران متوقع بارشوں کے باعث لاہور، راولپنڈی، ملتان سمیت مختلف شہروں میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کو سیلاب سے محفوظ اور زیادہ مضبوط بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کے مطابق ریسکیو اداروں کو اربوں روپے مالیت کے جدید آلات فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ دریاؤں کے کناروں پر حفاظتی بندوں کو مضبوط بنانے کا کام بھی جاری ہے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔

دوسری جانب حکومت امدادی سرگرمیوں اور سابقہ واجبات کی ادائیگی کے لیے 1 ارب 29 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپا کا کہنا ہے کہ آفات سے قبل اور بعد کے حفاظتی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم اور سیلاب سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر نشیبی یا سیلابی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں۔ فی الحال دریاؤں کی صورتحال اطمینان بخش ہے، تاہم مون سون بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے۔