جس بنگلے کو بدقسمت سمجھ کر چھوڑ دیا، آج اسی کی مالیت 450 کروڑ روپے ہے: جتیندر

انٹرٹینمنٹ

ممبئی: بالی وڈ کے سینئر اداکار جتیندر نے اپنی زندگی کی سب سے کامیاب سرمایہ کاری سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس بنگلے کو وہ ایک وقت میں بدقسمتی کی علامت سمجھنے لگے تھے، آج اسی جائیداد کی مالیت تقریباً 450 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جتیندر نے بتایا کہ ماضی کے معروف اداکار بھارت بھوشن، جو فلم بیجو باورا کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے، مالی مشکلات کا شکار ہونے کے بعد اپنا پالی ہل کا بنگلہ فروخت کرنا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے انہیں خریداری کی پیشکش کی۔

جتیندر نے بتایا کہ جب انہوں نے اس معاملے پر اپنے والد سے مشورہ کیا تو انہوں نے بنگلہ خریدنے کی حوصلہ افزائی کی۔ اس وقت ان کا خاندان آٹھ افراد پر مشتمل تھا اور سب ایک چھوٹے سے 10 بائی 20 فٹ کے کمرے میں رہتے تھے، اس لیے بنگلہ خریدنا ان کے لیے ایک بہت بڑا خواب تھا۔

اداکار کے مطابق انہوں نے یہ بنگلہ 4 لاکھ 25 ہزار بھارتی روپے میں خریدا، جس کے ساتھ 3450 مربع فٹ کا پلاٹ بھی شامل تھا۔ تاہم اس گھر میں منتقل ہونے کے بعد ان کی مسلسل چار فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوگئیں، جس کے باعث انہیں یہ یقین ہونے لگا کہ شاید یہ جائیداد ان کے لیے بدقسمتی ثابت ہو رہی ہے، لہٰذا وہ کچھ عرصے بعد وہاں سے منتقل ہوگئے۔

جتیندر نے بتایا کہ کئی برس بعد ایک تعمیراتی کمپنی نے انہیں اس بنگلے کی ازسرنو تعمیر کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ ان کے بقول بنگلے میں استعمال ہونے والی قیمتی برما ٹیک کی لکڑی کی فروخت سے ہی انہیں اصل خریداری قیمت سے تقریباً تین گنا زیادہ رقم حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ یہی جائیداد ان کی زندگی کی سب سے قیمتی سرمایہ کاری ثابت ہوئی اور آج اس کی مالیت تقریباً 450 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے، جو ان کے لیے کسی خواب سے کم نہیں