واٹس ایپ ویب میں بڑا اپ ڈیٹ، اب پی ڈی ایف فائل ڈاؤن لوڈ کیے بغیر دیکھنا اور ترمیم کرنا ممکن

اہم خبریںتازہ ترینسائنس ٹیکنالوجی

اسلام آباد: میٹا نے واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ کے لیے ایک اہم نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب پی ڈی ایف فائلز کو ڈاؤن لوڈ کیے بغیر براہِ راست دیکھ اور ان پر بنیادی ترمیم بھی کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس مقصد کے لیے اڈوب کے ساتھ شراکت داری کی گئی ہے، جس کے تحت اڈوب ایکروبیٹ سپورٹ کو واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

اس نئے فیچر کے بعد لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر استعمال کرنے والے صارفین کو موصول ہونے والی پی ڈی ایف فائل پہلے ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ چیٹ کے اندر ہی اسے فوری طور پر کھول کر دیکھ سکیں گے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ صارفین نہ صرف پی ڈی ایف فائل کا جائزہ لے سکیں گے بلکہ اس پر ہائی لائٹ کرنے، نوٹس شامل کرنے اور دیگر بنیادی ترمیمی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے، جس سے دستاویزات کے ساتھ کام کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت دنیا بھر میں واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے جاری کر دی گئی ہے، جبکہ چیٹ کے اندر پی ڈی ایف فائل دیکھنے اور اس پر کام کرنے کے باوجود اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ برقرار رہے گا۔

میٹا نے اس اپ ڈیٹ کے ساتھ مزید کئی نئے فیچرز کا بھی اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اب آئی پیڈ استعمال کرنے والے صارفین براہِ راست نیا واٹس ایپ اکاؤنٹ بنا سکیں گے، جبکہ کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے واٹس ایپ کے انٹرفیس کو بھی نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ واٹس ایپ اسٹیٹس میں بھی ایک نئی سہولت شامل کی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین مختلف موسیقی کی سروسز سے گانے براہِ راست اپنے اسٹیٹس پر شیئر کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز میں شامل ہے اور اس کے صارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کر چکی ہے، جہاں روزانہ لاکھوں افراد مختلف دستاویزات اور فائلیں ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔