وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، سعودی آئل ٹینکروں پر حملوں کی شدید مذمت، مکمل یکجہتی کا اعادہ

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے آئل ٹینکروں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے واقعات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران سعودی آئل ٹینکروں پر حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ تجارتی جہاز رانی اور سمندری نقل و حمل کو نشانہ بنانا نہ صرف عالمی تجارت بلکہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے، اس لیے ایسے اقدامات کی روک تھام ناگزیر ہے۔

انہوں نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں سعودی قیادت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور محفوظ سمندری تجارت کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور دیگر اہم سمندری تجارتی راستوں پر جہاز رانی کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا، جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کو سراہا۔