مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب کو تنازع کا حصہ بنانے کی کوششیں تشویشناک، پاکستان کا برادر ملک کی مکمل حمایت کا اعادہ

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

اسلام آباد: پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کو تنازع کا حصہ بنانے کی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں نہ صرف علاقائی امن بلکہ عالمی تجارت کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کا راستہ اختیار کریں۔

افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش

افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ افغان طالبان کی حکومت دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کر رہی ہے اور افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں اب بھی موجود ہیں، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں ہزاروں پاکستانی شہری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، اس لیے عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کی پشت پناہی کے معاملے پر افغان طالبان کو جواب دہ ٹھہرائے۔

ایرانی وزیر داخلہ اور عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایران کے وزیر داخلہ نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آسیان ریجنل فورم کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں، جن میں مشرق وسطیٰ میں امن، کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار کی روسی وزیر خارجہ سے ملاقات میں بھی دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

پاکستان اور کینیڈا تعاون بڑھانے پر متفق

طاہر اندرابی نے بتایا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔