بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 دہشت گرد ہلاک، 2 خواتین خودکش بمبار اور سہولت کار گرفتار
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ 2 خواتین خودکش بمباروں اور ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق ضلع سوراب میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع مستونگ میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران 2 خواتین خودکش بمباروں اور ان کے ایک مبینہ سہولت کار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ملک کے امن کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے 2 خواتین خودکش بمباروں اور ان کے مبینہ سہولت کار کی گرفتاری کو بھی اہم کامیابی قرار دیا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کسی کو بھی بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔ ان کے بقول دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں، جبکہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔
