بھارتی سپر اسٹار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ ایئرپورٹ سے گھر واپس آتے ہوئے ایک غیر معمولی حادثے کا شکار ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ پیر کی شام بیرون ملک سے ممبئی واپس آئے اور وطن واپسی کے دوران ان کی گاڑی اور سیکیورٹی کی گاڑی غیر متوقع طور پر حادثے کا شکار ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق تیز رفتار مرسڈیز سے ٹکرانے کے بعد ایک آٹو رکشہ کنٹرول کھو بیٹھا اور پہلے اکشے کمار کے سیکیورٹی قافلے اور پھر اداکار جوڑے کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ دیکھ کر خوف محسوس ہوا، ہر طرف افراتفری مچ گئی۔
حادثے کی وجہ سے آٹو ڈرائیور اور اس کا مسافر کچھ دیر کے لیے گاڑی کے نیچے دب گئے تاہم اکشے کمار اور اس کے عملے نے فوری مدد فراہم کی اور انہیں بحفاظت باہر نکالا۔
رپورٹ کے مطابق خوش قسمتی سے ممبئی کے جوہو علاقے کے قریب پیش آنے والے اس حادثے میں تمام افراد محفوظ رہے۔
خیال رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ اپنی 25ویں سالگرہ منانے بیرون ملک گئے تھے جہاں سے واپسی پر حادثہ پیش آیا۔