بالی وڈ اداکارہ اور ٹی وی پرسنیلیٹی ارچنا پورن سنگھ میں نایاب طبی بیماری کمپلیکس ریجنل پین سِنڈروم کی تشخیص ہوئی ہے۔
ارچنا کی خراب صحت سے متعلق انکشاف ان کے بیٹے آیوشمان سیٹھی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے کیا۔
آیوشمان کے مطابق ان کی والدہ کو یہ بیماری 2025 میں فلم ’وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو‘ کی شوٹنگ کے دوران کلائی میں چوٹ لگنے کے بعد لاحق ہوئی تھی، اس بیماری کے باعث ارچنا سنگھ کا ہاتھ مستقل طور پر متاثر ہو گیا ہے۔
آیوشمان نے بتایا کہ شدید درد میں مبتلا ہونے کے باوجود اِن کی والدہ نے فلموں اور ویب سیریز میں کام جاری رکھا اور 60 برس کی عمر میں اپنا یوٹیوب چینل بھی شروع کیا ہے۔
سی آر پی ایس مرض کیا ہے؟
ماہرین کے مطابق کمپلیکس ریجنل پین سِنڈروم ایک دائمی اعصابی درد کی بیماری ہے جس میں چوٹ کے بعد درد معمول سے کہیں زیادہ شدید اور دیرپا محسوس ہوتا ہے حتیٰ کہ زخم ٹھیک ہونے کے بعد بھی درد برقرار رہتا ہے۔
ارچنا سنگھ کی بیماری سے متعلق ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ اس مرض میں اعصابی نظام درد کے سگنلز کو درست طریقے سے کنٹرول نہیں کر پاتا جس کی وجہ سے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی مسلسل بڑھا چڑھا کر درد کے پیغامات بھیجتی رہتی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کمپلیکس ریجنل پین سِنڈروم میں درد جلنے یا چبھنے جیسا ہوتا ہے اور ہلکا سا درد یا درجہ حرارت میں معمولی تبدیلی بھی شدید تکلیف کا باعث بن سکتی ہے، اس کے ساتھ متاثرہ عضو میں سوجن، جلد کے رنگ میں تبدیلی، پسینہ زیادہ آنا، اکڑن اور کمزوری جیسی علامات بھی ظاہر ہوتی ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق ارچنا کو لاحق مرض جان لیوا نہیں لیکن زندگی بدل دینے والی بیماری ضرور ہے۔ اس بارے میں آگاہی بہت ضروری ہے تاکہ مریض بروقت علاج حاصل کر سکیں۔