ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی کی شاہ ایران کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی سے خفیہ ملاقات کا انکشاف

دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصیاسٹیو وٹ کوف نے شاہ ایران کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی سے خفیہ ملاقات کا انکشاف کیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ہفتے کے آخر میں ہونے والی ملاقات میں ایرانی مظاہروں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ایران میں پرتشدد مظاہروں کے بعد کسی ایرانی حکومت مخالف شخصیت اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان یہ پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات تھی۔

گزشتہ ہفتے کے شروع میں، ٹرمپ نے اشارہ دیا تھا کہ وہ پہلوی سے ملاقات کا ارادہ نہیں رکھتے، یہ کہتے ہوئے کہ وہ ‘ایک اچھے انسان لگتے ہیں’ لیکن ‘اس وقت یہ مناسب نہیں ہوگا’۔

واضح رہے کہ ایران کے آخری بادشاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی نے ملک بھر کے لوگوں سے ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری مظاہروں کو تیز کرنے کے لیے سڑکوں پر آنے کی اپیل کی تھی۔

رضا پہلوی کو پیدائش سے ہی اپنے والد (شاہ ایران) کے جانشین کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ وہ 1979 میں امریکہ میں لڑاکا طیارے اڑانے کی تربیت لے رہے تھے جب انقلاب نے ان کے والد رضا شاہ پہلوی کی بادشاہت کا تختہ الٹ دیا۔ ایرانی حکومت نے دعویٰ کیا کہ دو ہفتوں سے جاری پرتشدد مظاہرے رک گئے ہیں اور حالات معمول پر آ رہے ہیں۔