وینزویلا کی امریکی حملے میں 100 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق

دنیا

وینزویلا نے پہلی بار سرکاری طور پر امریکی فضائی حملے میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

وینزویلا کے وزیر داخلہ ڈیوسڈاڈو کابیلو نے کہا کہ صدر مادورو کی گرفتاری کے دوران کاراکاس میں امریکہ کی طرف سے کیے گئے حملوں میں 100 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر امریکی حملہ بہت خوفناک تھا، صدر مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس بھی امریکی حملے میں زخمی ہوئے۔

کابیلو نے کہا کہ امریکی آپریشن کے دوران صدر نکولس مادورو کی اہلیہ سیلیا فلورس کے سر پر چوٹ آئی جبکہ صدر مادورو کی ٹانگ میں شدید چوٹ آئی۔ دونوں اس وقت امریکی حراست میں ہیں۔

اس اعلان سے قبل وینزویلا نے ہلاکتوں کی جامع تعداد فراہم نہیں کی تھی، غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکی حملے میں وینزویلا میں کام کرنے والے 24 وینزویلا کے فوجی اور 32 کیوبا کے اہلکار اور پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔

اسی طرح امریکی حکام نے اندازہ لگایا کہ وینزویلا میں فوجی آپریشن میں تقریباً 75 افراد مارے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 3 جنوری کو امریکی اسپیشل فورسز نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو کراکس میں رات کے وقت چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔