بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ ادا
ڈھاکا: بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ آج ڈھاکا میں ادا کی گئی، جس میں ملک بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ جنوبی ایشیا کے اعلیٰ حکام اور مقامی سیاسی رہنماؤں نے بھی اس موقع پر شرکت کی۔
خالدہ ضیاء کو سابق صدر ضیاء الرحمان کے پہلو میں قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خالدہ ضیاء طویل عرصے سے جگر کے عارضے اور دیگر بیماریوں میں مبتلا تھیں اور ڈھاکا کے اسپتال میں زیر علاج تھیں، تاہم گزشتہ روز وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔
خالدہ ضیاء نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک بنگلادیش کی وزارتِ عظمیٰ کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔ وہ مسلم دنیا میں بےنظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں۔
نماز جنازہ میں بھارت، بھوٹان اور مالدیپ کے حکام بھی شریک ہوئے، جس سے جنوبی ایشیا میں ان کے سیاسی کردار اور اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
