پنجاب میں زبانی لین دین پر انتقالات کے اندراج اور منظوری پر مکمل پابندی

پاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوزملتان

 زمینوں کے انتقالات کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے بورڈ آف ریونیو پنجاب نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے زبانی لین دین کی بنیاد پر انتقالات کے اندراج اور منظوری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق بورڈ آف ریونیو پنجاب کے 30 دسمبر 2025 کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وراثت کے معاملات کے علاوہ کسی بھی قسم کے زبانی دعوے یا لین دین کی بنیاد پر انتقال منظور نہیں کیا جائے گا۔ زمین کی خرید و فروخت، ہبہ، رہن اور تبادلے کے لیے باقاعدہ رجسٹرڈ دستاویز کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ وراثتی انتقالات بدستور قانون کے مطابق منظور ہوتے رہیں گے۔

کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے تمام ریونیو افسران کو نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کا مقصد انتقالات کے نظام میں شفافیت، قانونی عملداری اور عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

اس حوالے سے کمشنر ملتان آفس کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں سمیت تمام ریونیو افسران کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں فوری عملدرآمد کے احکامات دیے گئے ہیں۔

کمشنر عامر کریم خاں کا کہنا ہے کہ زبانی لین دین پر پابندی قبضہ مافیا اور فراڈ جیسے مسائل کے خاتمے کی جانب ایک مؤثر اور اہم قدم ہے، جس سے زمینوں کے ریکارڈ کو محفوظ اور شفاف بنایا جا سکے گا۔