دبئی میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی، سب سے مہنگی نمبر پلیٹ 74 کروڑ پاکستانی روپوں میں فروخت

دنیا

دبئی میں لگژری گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹس کی مہنگی ترین نیلامی ہوئی۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق نمبر پلیٹس کی کل 109 ملین درہم (8 ارب 31 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) نیلام ہوئی۔

دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی یہ 120ویں کھلی نمبر پلیٹ کی نیلامی تھی جس میں سب سے مہنگی نمبر پلیٹ 9.6 ملین درہم یعنی تقریباً 740 ملین پاکستانی روپے میں فروخت ہوئی جبکہ دوسری نمبر پلیٹ 8 ملین درہم یعنی تقریباً 610 ملین پاکستانی روپے سے زائد میں فروخت ہوئی۔

ایک نمبر پلیٹ 6.7 ملین درہم یعنی تقریباً 510 ملین پاکستانی روپے میں فروخت ہوئی جبکہ دوسری نمبر پلیٹ تقریباً 330 ملین پاکستانی روپے میں نیلام ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلامی میں دو سے پانچ ہندسوں پر مشتمل 90 خصوصی نمبر پلیٹس نیلامی کے لیے پیش کی گئیں جنہیں اب تک کی سب سے بڑی نمبر پلیٹ کی نیلامی قرار دیا جا رہا ہے۔