چین نے تائیوان کو ہتھیار فروخت کرنے پر 20 امریکی دفاعی کمپنیوں اور 10 افراد پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پابندیوں سے متاثرہ افراد کے چین میں تمام اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں اور ان کا چین میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
چینی حکام نے مقامی تنظیموں اور کاروباری افراد کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ پابندیوں سے متاثرہ افراد کے ساتھ کام نہ کریں۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق تائیوان چین امریکہ تعلقات میں پہلی سرخ لکیر ہے جسے عبور نہیں کیا جا سکتا۔
چینی وزارت خارجہ نے خبردار کیا کہ چین تائیوان کے معاملے پر کسی بھی اشتعال انگیز اقدام کا سخت جواب دے گا، وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ امریکا اسلحہ فراہم کرنے کی اپنی خطرناک کوششیں بند کرے۔
چین کا یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ تائیوان کو 11.1 بلین ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرے گا۔