کینبرا: بوندی بیچ حملہ آور ساجد اکرم کے بھارتی پاسپورٹ پر سفر کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق فلپائنی امیگریشن نے تصدیق کی ہے کہ آسٹریلیا کے بوندی بیچ حملے میں ملوث ساجد اکرم نے بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر کیا جب کہ حملہ آور کا بیٹا 24 سالہ نوید اکرم آسٹریلوی شہری کے طور پر فلپائن گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن پہنچے جہاں ان کی آخری منزل جنوبی صوبہ داواؤ تھا جس کے بعد دونوں 28 نومبر کو فلپائن سے روانہ ہوئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی پولیس حملہ آوروں کے فلپائن کے سفر کا مقصد جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بوندی بیچ پر دو مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے تھے۔
بعد ازاں پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔
سڈنی واقعے کے بعد بھارت اور اسرائیل نے اس واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی کوشش کی لیکن گمراہ کن پروپیگنڈہ بری طرح فلاپ ہوا۔
حملہ آور نوید اکرم کے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص نے میڈیا کو بتایا کہ نوید کے والد ساجد اکرم کا تعلق بھارت اور والدہ کا تعلق اٹلی سے ہے۔