پہلے لوگ پوچھتے تھے شادی کب ہوگی؟ اب پوچھتے ہیں طلاق کب ہوگی؟ ابھیشیک بچن

انٹرٹینمنٹ

 اداکار ابھیشیک بچن نے بالآخر اپنے اور اپنی اہلیہ اداکارہ ایشوریا رائے کے بارے میں پھیلائی جانے والی طلاق کی من گھڑت افواہوں پر دو ٹوک جواب دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں ابھیشیک بچن کا کہنا تھا کہ اگر آپ سلیبرٹی ہیں تو لوگ آپ کی ہر بات پر قیاس آرائی کریں گے، ہمارے بارے میں لکھی گئی تمام فضول باتیں جھوٹی، بے بنیاد، غلط اور بدنیتی سے بھری ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ہماری شادی سے پہلے یہی کر رہا تھا، شادی سے پہلے یہ طے کر رہا تھا کہ ہم کب شادی کریں گے اور شادی کے بعد یہ فیصلہ کر رہے ہیں کہ ہماری طلاق کب ہو گی، یہ سب بکواس ہے۔

کیا برے شگون سے بچنے کیلئے ایشوریا نے 'درخت' سے شادی کی تھی؟

ابھیشیک کا مزید کہنا تھا کہ ایشوریہ میرا سچ جانتی ہیں، میں ایشوریا کی سچائی کو جانتا ہوں، ہمارا ایک خوش اور خوشحال خاندان ہے، یہ سب سے اہم چیز ہے، باقی سب کچھ بے معنی ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایسی افواہیں ذہنی تناؤ کا باعث بنتی ہیں تو ابھیشیک نے جواب دیا کہ اگر اس میں تھوڑی سی بھی سچائی ہوتی تو شاید مجھ پر اثر انداز ہوتیں یہ باتیں۔ لیکن چونکہ یہ سب جھوٹ ہے اس لیے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

جب بیٹی آرادھیا سے ان جھوٹی خبروں سے متاثر ہونے کے بارے میں پوچھا گیا تو اداکار نے کہا کہ آرادھیا کے پاس فون نہیں ہے اور ایشوریہ نے انہیں انٹرنیٹ پر لکھی ہر بات پر یقین نہ کرنا سکھایا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر کافی عرصے سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ابھیشیک اور ایشوریا کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے، حالانکہ جوڑے کو ہمیشہ اپنے خاندان کے ساتھ خوش و خرم دیکھا گیا ہے۔

ابھیشیک اور ایشوریہ رائے کی شادی 2007 میں ہوئی تھی اور 2011 میں ان کے ہاں آرادھیا کی پیدائش ہوئی تھی۔

ابھیشیک بچن جلد ہی شاہ رخ خان، دیپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی اور سہانا خان کے ساتھ فلم ‘کنگ’ میں نظر آئیں گے۔