بھارتی شہر ممبئی میں شام کی چہل قدمی کے دوران 79 سالہ خاتون کے اچانک لاپتہ ہونے سے اس کے خاندان میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم ان کے لاکٹ میں موجود جی پی ایس ٹریکر نے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور وہ ہسپتال میں پائی گئیں۔
سائرہ بی تاج الدین کو سیوڑی کے علاقے میں موٹر سائیکل نے ٹکر مار دی، جس کے بعد راہگیروں نے اسے فوری طور پر میونسپل اسپتال منتقل کیا۔
حکام کے مطابق خاتون کے گھر نہ پہنچنے پر اہل خانہ پریشان ہو گئے، اس دوران ان کے پوتے محمد وسیم ایوب نے سائرہ بی کے لاکٹ میں نصب جی پی ایس ڈیوائس کو ایکٹیو کر دیا۔
ٹریکر نے اس کی لوکیشن ہسپتال کو دی، جو سیوڑی سے تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
اہل خانہ فوری طور پر اسپتال پہنچے جہاں معلوم ہوا کہ خاتون کے سر میں چوٹ آئی ہے جس کے بعد اسے مزید علاج کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کردیا گیا۔