تعلقات کے 75 سال: انڈونیشیا کے صدر کا پاکستان کا تاریخی دورہ
اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سو بیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
نور خان ایئر بیس پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انڈونیشیا کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
اپنے دورے کے دوران صدر پرابوو سو بیانتو سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں پر جامع بات چیت شامل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کے امکانات بھی روشن ہیں، جو دوطرفہ تعاون کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے باقاعدہ طور پر انڈونیشیائی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی، جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے پاک۔انڈونیشیا شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
