پنجاب میں بڑی کارروائی: ’را‘ سے رابطوں کے الزام میں 12 دہشتگرد گرفتار، حساس مقامات کی تصویریں بھی برآمد
لاہور: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے انٹیلی جنس بنیادوں پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور سے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے مبینہ طور پر منسلک 12 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، حساس تنصیبات اور سرکاری اداروں کی تصاویر و ویڈیوز بھی برآمد ہوئیں، جو ممکنہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے لیے اکٹھی کی جا رہی تھیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان کے پاس سے ایک مدرسے، عوامی میلے اور دیگر مقامات کی لوکیشنز، تصاویر اور ویڈیوز بھی ملی ہیں، جنہیں منصوبہ بندی کے مراحل میں استعمال کیا جانا تھا۔
کارروائی کے مطابق لاہور سے سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز کو حراست میں لیا گیا، فیصل آباد سے دانش جبکہ بہاولپور سے گرفتار ہونے والوں میں رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف شامل ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق سکھ دیپ سنگھ پیدائشی عیسائی تھا جس نے کچھ عرصہ قبل مذہب تبدیل کیا تھا۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے انکشاف کیا کہ ملزمان تک رسائی بھارت سے چلنے والی ایک فیس بک آئی ڈی ’’عادل‘‘ کے ذریعے ممکن ہوئی، یہی آئی ڈی دہشتگرد نیٹ ورک کو ہدایات دینے کے ساتھ رابطے میں رکھتی تھی۔
مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گروہ کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے باقاعدہ فنڈنگ فراہم کی جا رہی تھی۔
ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ سی ٹی ڈی کے مطابق مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
