خواجہ آصف کا عمران خان پر سخت تنقید ، "پاکستان دشمن” قرار دے دیا
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان پر کھل کر تنقید کی اور انہیں "پاکستان دشمن” قرار دے دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے دوران بھی انتہائی غیر ذمہ دارانہ زبان استعمال کی اور فوج کی قیادت کو نشانہ بناتے رہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک طرف جہاں دوست ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے، وہیں عمران خان کی جماعت نے قومی مفاد کے خلاف رویہ اپنایا۔
وزیر دفاع نے عمران خان کی بہن کے بھارتی میڈیا کو دیے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ "کیا کوئی پاکستانی اس طرح کی بات کر سکتا ہے؟ کیا اس سرزمین سے ان کا کوئی لگاؤ نہیں؟”
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے انتہائی سنجیدہ اور محتاط بیان دیا، لیکن عمران خان کی طرف سے مسلسل اشتعال انگیزی کی جا رہی ہے۔ "مجھے مکمل آزادی ہے کہ میں ان کے اینٹ کا جواب پتھر سے دوں۔ جب تک اس قسم کا رویہ رہے گا، اسی انداز میں جواب دیا جاتا رہے گا۔”
خواجہ آصف نے کہا کہ شہیدوں کی توہین کرنے والوں، فوج پر بے جا تنقید کرنے والوں اور دہشت گردوں سے ہمدردی رکھنے والوں سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ قومی مفاد کی بات کریں گے۔ "جو لوگ شہیدوں کی عزت بھی محفوظ نہ رکھ سکیں، وہ خود کو پاکستانی کیسے کہہ سکتے ہیں؟”
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ سیاست، احتجاج، تنقید سب جائز ہیں، مگر پاکستان کی سالمیت، اس کی غیرت اور اس کی عزت کو نشانہ بنانا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
خواجہ آصف کے اس بیان سے سیاسی محاذ پر ایک نیا طوفان اٹھنے کا امکان ہے۔
