بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک نوبیاہتا دلہن کو اس کی شادی کے ایک دن بعد ہی جہیز کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر اس کے گھر سے نکال دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سسرال والوں نے پہلے دلہن پر شوہر سے موٹرسائیکل یا دو لاکھ روپے لانے کے لیے دباؤ ڈالا۔ جب دلہن نے انکار کیا تو بعد میں انہوں نے اسے گھر سے باہر پھینک دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شادی 29 نومبر کو ہوئی تھی اور جب دلہن شادی کے اگلے روز سسرال پہنچی تو اسے استقبال کے بجائے مطالبات اور طعنوں کا سامنا کرنا پڑا۔
سسرال والوں نے دلہن پر دباؤ ڈالا کہ وہ اپنے شوہر کے لیے کچھ نہیں لائی اور فوراً اسے کہا کہ میں موٹرسائیکل یا دو لاکھ روپے لے آؤ۔ اس دوران سسرال والوں نے دلہن کے زیورات اور شادی پر ملنے والی نقدی بھی چھین لی اور مار پیٹ کے بعد اسے گھر سے باہر پھینک دیا۔
دلہن کے والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے شادی پر لاکھوں روپے خرچ کیے ہیں۔ جہیز میں بیٹی کے سسرال والوں کو صوفہ سیٹ، بستر، ڈریسنگ ٹیبل، ٹی وی، واشنگ مشین، واٹر کولر، برتنوں کے کئی سیٹ اور دیگر گھریلو سامان دیا گیا ہے۔
دلہن کے والدین کا کہنا ہے کہ اگر بیٹی کے سسرال والوں نے پہلے موٹر سائیکل کا مطالبہ کیا ہوتا تو وہ یہاں رشتہ نہ کرتے۔ دلہن کے والدین نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے اور شادی پر ہونے والے اخراجات کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا ہے