دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی ریلا،جلالپور پیروالہ میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم

ساؤتھ نیوز

ملتان میں دریائے ستلج کے ممکنہ سیلابی ریلا کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر جلالپور پیر والہ کے دریائی علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے اور متاثرہ مکینوں کی نقل مکانی کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سیلابی صورتحال اور ایمرجنسی رسپانس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ مکمل الرٹ رہے گی اور فلڈ ریلیف کیمپس ہر ممکنہ خطرے کے لیے تیار ہیں۔

محمد ابو بکر نے بتایا کہ دریائے ستلج کے کچھ علاقوں میں پانی کی سطح میں معمولی اضافہ ہوا ہے، تاہم فی الحال کوئی خطرناک حد عبور نہیں ہوئی اور سیلاب کا فوری خطرہ نہیں ہے۔ اسی طرح دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ بھی معمول کے مطابق ہے اور کوئی بستی زیر آب نہیں آئی۔

بھارت کی وارننگ کے بعد پنجاب کے دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

ضلعی انتظامیہ نے مکینوں کو نقصان سے بچانے کے لیے بروقت نقل مکانی اور دیگر حفاظتی اقدامات یقینی بنا دیے ہیں۔