فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، وانگ ژی
پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری، علاقائی سلامتی، اور دہشت گردی کے خلاف تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی خودمختاری اور ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون مزید بڑھانے اور دوطرفہ شراکت داری کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے چین کے مستقل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چینی وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے سرکاری دورے پر موجود ہیں۔ اس دورے کے دوران انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
واشنگٹن ٹائمز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو “مردِ آہن” قرار دے دیا
قبل ازیں، وانگ ژی نے نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی تھی، جس کے بعد وہ اسلام آباد پہنچے۔ پاکستان میں اپنے ہم منصب اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وانگ ژی کا کہنا تھا کہ چین کی بھارت کے ساتھ شراکت داری کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں اور نہ ہی یہ کسی دوسرے ملک کو متاثر کرے گی۔
چینی وزیر خارجہ کا حالیہ دورہ ایک بار پھر اس بات کا مظہر ہے کہ چین اور پاکستان علاقائی سلامتی، اقتصادی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے حوالے سے ایک مضبوط، بااعتماد اور دیرپا شراکت داری کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں۔
