حالیہ مون سون بارشوں سے ملک بھر میں 670 افراد جان کی بازی ہار چکے،چیئرمین این ڈی ایم اے
اسلام آباد: چیئرمین این ڈی ایم اے نے میڈیا بریفنگ میں انکشاف کیا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 670 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ مختلف اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے 25 ہزار سے زائد شہریوں کو بروقت ریسکیو کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو ٹیمیں تاحال لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور سیلاب میں بہہ جانے والوں کو نکالنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں سڑکوں کا ڈھانچہ شدید متاثر ہوا، اب تک 90 سے زائد شاہراہیں اور متعدد پل تباہ ہوچکے ہیں۔ فوج کے دو انجینئر بٹالین خیبرپختونخوا اور دو گلگت بلتستان میں تعینات ہیں۔
ان کے مطابق بونیر اور شانگلہ میں آرمی میڈیکل یونٹس فعال ہیں جہاں زخمیوں کو علاج فراہم کیا جارہا ہے، جبکہ سی ایم ایچ راولپنڈی سے بھی خصوصی ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں۔ فوجی میڈیکل کیمپس میں اب تک 6 ہزار سے زائد متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جاچکی ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ،پی ڈی ایم اے کی سیاحوں سے مری کا سفر نہ کرنے کی اپیل
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ہدایت پر اضافی یونٹس متحرک کیے گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں راشن اور امدادی سامان بذریعہ سڑک اور ہیلی کاپٹر پہنچایا جا رہا ہے۔ فوج نے ایک دن کا راشن بھی متاثرین کے نام مختص کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے ایک جدید نظام بنایا گیا ہے جو پہلے دن سے صوبوں اور اداروں کو بروقت معلومات فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
