اسٹیٹ بینک نے مہنگائی کو بہترین طریقے سے قابو کیا ، آئندہ چند سالوں میں حالات مزید بہتر ہوں گے:وزیر خزانہ

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے مہنگائی کو بہترین طریقے سے قابو کیا ہے اور آئندہ چند سالوں میں حالات مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح گزشتہ چند سالوں میں کافی حد تک کم ہو گئی ہے، جو اب تقریباً 4.6 فیصد تک آگئی ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے حکومت نے مفصل حکمت عملی اپنائی ہے جس میں پالیسی ریٹ میں کمی بھی شامل ہے، جو ایک سال کے دوران 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ گیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور عالمی اقتصادی صورت حال کے باوجود پاکستان نے نمایاں ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی شاندار اضافہ ہوا ہے، دوست ممالک کے اعتماد کی بدولت یہ ذخائر 16 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ حکومت نے مختلف مالیاتی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کیا ہے تاکہ معیشت کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کیا جا سکے۔

وزیر خزانہ کا اعلان: شرح سود میں جلد کمی اور بجلی مزید سستی ہوگی

وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کی بہتری کا دارومدار پائیدار ترقی اور حکومتی اصلاحات پر ہے، اور ملکی مالیاتی سلامتی کو قومی سلامتی کا اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ وقت میں حالات مزید بہتر ہوں گے اور حکومت عوام کوبہتر اقتصادی حالات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔