فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی باتیں مکمل بے بنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے پاکستان کا آئندہ صدر بننے کی افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا، ’’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے بارے میں پاکستان کے صدر بننے کی باتیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔‘‘ انہوں نے زور دے کر کہا کہ معرکہ حق کے بعد جو سیاسی تجزیے اور قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، وہ محض افسانہ ہیں اور حقیقت سے کوئی تعلق نہیں رکھتیں۔
انہوں نے مزید کہا، ’’اس قسم کی گفتگو غیر ذمہ دارانہ ہے اور ادارے کو غیر ضروری سیاسی بحث میں گھسیٹنے کی کوشش ہے۔‘‘
انٹرویو کے دوران، جب ’دی اکانومسٹ‘ نے بھارت کے ممکنہ فوجی حملے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے سخت بیانات کا حوالہ دیا، تو ترجمان پاک فوج نے خبردار کیا کہ پاکستان ہر ممکنہ صورتحال کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا، ’’ہم اس بار ہندوستان کے مشرق سے آغاز کریں گے۔ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو اس کا جواب نہ صرف بھرپور ہوگا بلکہ غیر روایتی بھی ہوسکتا ہے۔ بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ بھی ہر جگہ مارے جا سکتے ہیں۔’’
