سینیٹ ضمنی انتخابات: حکومتی حمایت یافتہ آزاد امیدوار مشال یوسفزئی فاتح

اہم خبریںپاکستان

خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی خالی ہونے والی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں حکومتی پشت پناہی یافتہ آزاد امیدوار مشال یوسفزئی نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے مشال یوسفزئی کی کامیابی کا فارم 58 جاری کیا گیا ہے۔ مشال اعظم یوسفزئی کو مجموعی طور پر 86 ووٹ ملے، جب کہ اپوزیشن کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار مہتاب ظفر نے 53 ووٹ حاصل کیے۔ تیسری آزاد امیدوار صائمہ خالد کو محض ایک ووٹ ملا۔

یہ نشست پی ٹی آئی کی رہنما ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ پولنگ کے موقع پر خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے پہلا ووٹ ڈال کر انتخاب کا آغاز کیا۔

خیبر پختونخوا: سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخاب 21 جولائی کو ہوگا

انتخاب سے قبل وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات بھی ہوئی تھی، جس میں مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔

اس ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے مشال یوسفزئی کو اپنی امیدوار کے طور پر پیش کیا تھا، جبکہ پی ٹی آئی کی ہی ایک اور امیدوار صائمہ خالد نے انتخاب سے دستبرداری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی ثوبیہ شاہد، جے یو آئی ف کی شازیہ اور آزاد امیدوار مہتاب ظفر بھی میدان میں تھے۔