تین دن میں تین عدالتی فیصلے،مجموعی طور پر 45 سال قید کی سزائیں دی گئیں،بیرسٹر گوہر

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ صرف تین دن میں تین عدالتی فیصلے سنائے گئے جن کے نتیجے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو مجموعی طور پر 45 سال قید کی سزائیں دی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ "ان فیصلوں کا مقصد انصاف نہیں بلکہ جمہوریت کی بنیادوں کو ہلانا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پر دباؤ ڈالنے کے لیے ان کی اہلیہ کو بھی سزا دی گئی، اور اب فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کو بھی سزائیں سنا دی ہیں۔

9 مئی واقعات: عمر ایوب، شبلی فراز اور دیگر 108 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزائیں

گوہر کے مطابق، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کو بھی سزا دی گئی ہے، جو کہ ایک خطرناک مثال ہے۔

انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "صبح 2 بجے تک ٹرائلز چلتے ہیں، ایسے ملزمان جن پر ایک سے زیادہ ایف آئی آرز درج ہیں، ان کے کیسز کو باقی جگہوں پر روکا جاتا ہے، لیکن پی ٹی آئی کے معاملے میں سب کچھ الٹ ہو رہا ہے۔”

ان کا مزید کہنا تھا کہ "ہم نے تمام تر مظالم کے باوجود ریاست کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا، لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ ہمیں ریاست کا حصہ بننے سے روکنے کے لیے یہ سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔”

بیرسٹر گوہر نے عدلیہ سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "عدلیہ کو ہمیشہ امید کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، مگر اب عوام مایوس ہو چکے ہیں۔ ابھی بھی وقت ہے کہ نظامِ انصاف کو بچایا جائے اور جمہوریت کو مضبوط بنایا جائے۔”